Sunday, 8 November 2015


احمد فراز

ہم سُنائیں تو کہانی اور ہے
یار لوگوں کی زبانی اور ہے

چارہ گر روتے ہیں تازہ زخم کو
دل کی بیماری پُرانی اور ہے

جو کہا ہم نے ، وہ مضمون اور تھا
ترجماں کی ترجمانی اور ہے

ہے بساطِ دل لہو کی اِک بوند
چشمِ پُرخُوں کی روانی اور ہے

نامہ بر کو، کچھ بھی ہم پیغام دیں
داستاں اُس نے سُنانی اور ہے

آبِ زمزم، دوست لائے ہیں عبث
ہم جو پیتے ہیں‌، وہ پانی اور ہے

سب قیامت قامتوں کو دیکھ لو
کیا مِرے جاناں کا ثانی اور ہے

شاعری کرتی ہے اک دنیا فراز
پر تری سادہ بیانی اور ہے

No comments:

Post a Comment

Immune System